34

کرسمس کی تقریبات کے حوالے ڈی سی آفس میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مسیحی کمیونٹی کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا گیا

منڈی بہاؤالدین (مجزین حسین بلال)
کرسمس کی تقریبات کے حوالے ڈی سی آفس میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں مسیحی کمیونٹی کے ہمراہ کرسمس کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر ڈی پی او محمد ناصر سیال، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک غضنفر علی اعوان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار ،پادری عارف مسیح ،اقلیتی ممبر ارشد گل، ضلعی صدر مینارٹی پاکستان حلیم گل اور دیگر مسیحی برادری کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد ناصر سیال نے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ جبکہ دیگرممالک میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جارہا ہے۔جس کی واضح مثال بھارت میں متنازعہ شہریت بل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کیلئے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں 12گرجا گھروں 3کرسمس بازاراور دیگر عبادت گاہوں کی سکیورٹی کیلئے500سے زائد پولیس ملازمین ،ایلیٹ اور قومی رضاکاروں کی ڈیوٹیاں لگا دی گئی ہیں اور اس سلسلہ میں تمام پولیس ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر کے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ملک غضنفر علی اعوان نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے بزدار حکومت خطیر رقم خرچ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈی بہاﺅالدین ایک پرامن ضلع ہے جہاں تمام اقلیتیں اپنے مذہبی تہوار مکمل جوش و جذبہ اور عقیدت کے ساتھ مناتی ہیں ۔ضلع میں تمام طبقات امن و سلامتی کے فروغ کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کررہے ہیں جو کہ خوش آئند ہے۔اس موقع پر پادری عارف مسیح نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان اقلیتوں کے لیے محفوظ ملک ہے انہوں نے مسیح برادری کیلئے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات اور کرسمس بازاروں کے کامیاب انعقاد اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے دعائیہ کلمات کے ساتھ پاکستان کی سلامتی کی دعا کروائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں