17

مظفرگڑھ: تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے

چوتھی تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے، جس میں سٹوک کیٹگری کی گاڑیوں کے مقابلے ہوئے، جس میں 49گاڑیوں نے حصہ لیاجن میں 2خواتین بھی شامل تھیں، دوسرے مرحلے کا افتتاح کمشنر ڈی جی خان مدثرریاض ملک نے کیا، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، اے ڈی سی ریونیو عطاالحق اور اے ڈی سی جی جام آفتاب بھی ان کے ہمراہ تھے، کمشنر مدثر ملک نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کی روشنی میں پنجاب بھر میں سیاحت کو فروغ دیا جارہا ہے، تھل جیپ ریلی جیسے مختلف تفریح پروگرامز کا انعقاد اس خطے کیلئے اہمیت کے حامل ہیں اور ایسے پروگرامز تسلسل سے جاری رہیں گے، جس سے نہ صرف عوام کو صحت مند تفریح میسر آئے گی بلکہ سیاحت اور مقامی ثقافت کو بھی فروغ ملے گا،انہوں نے کہا کہ تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کو قومی سطح سے بین الاقوامی سطح تک لے کر جایا جائے گا، وقت کے ساتھ ساتھ اس میں مزید بہتری لائی جائے گی اور ٹی ڈی سی پی کے تعاون سے اس میں بین الاقومی ڈرائیورز کو بھی بلایا جائیگا،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے سٹوک کیٹگری کے کوالیفائیڈراونڈ کے ونرشکیل کو ٹریک پر روانہ کیا، بعد ازاں یکے بعد دیگر 4منٹ کے وقفے سے گاڑیوں کے ٹریک پر روانہ کیا گیا، خواتین کیٹگری میں سلمیٰ خان اور زویاخان بھی ریس کا حصہ تھیں،انتظامات کے بارے میں بتاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ تھل جیپ ریلی کے کامیاب انعقاد کیلئے بہتر سے بہتر اقدامات کئے گئے ہیں، امسال گزشتہ سالوں سے زیادہ گاڑیاں ریس میں حصہ لے رہی ہیں، سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، تھل جیپ ریلی سے علاقائی ثقافت کو فروغ مل رہا ہے اور معاشی ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں۔ نتائج کا اعلان کل فیصل سٹیڈیم میں ایک خصوصی تقریب میں کیا جائے گا۔تھل ڈیزرٹ جیپ ریلی کے موقع پر خزاں فیسٹیول کے سلسلے میں شام کے وقت خوبصورت آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا اور میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں معروف گلوکار مراتب علی، نادیہ خان اور اعجاز راہی نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا جس کو عوام نے خوب سراہا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں