38

اسلام امن و سلامتی کا دین ہےعلمائے کرام عوام میں ہم آہنگی، محبت، اخوت اور برداشت کو فروغ دیں، ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤ الدین مہتاب وسیم اظہر

منڈی بہاؤالدین (مجزین حسین بلال ) ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جوصبرو تحمل، رواداری ،ا تفاق و اتحاد اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔علمائے کرام عوام میں ہم آہنگی، محبت و اخوت اور برداشت کو فروغ دے کر امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں۔ ملک کو انتشار نہیں بلکہ ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔عید میلادالنبی کے موقع پر امن و امان کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور ذاکرین تعاون کریں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں عید میلاد النبی کی تیاریوں کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میںڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ناصر سیال ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد شفیق، اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاﺅالدین کاشف جلیل، اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ساجد منیر کلیار،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122انجینئر عمران خان،ڈی ایچ او ڈاکٹر افتخار احمد، میونسپل کمیٹیز کے سی ای اوز، ڈی اوز ،سول ڈیفنس،متعلقہ محکموں کے افسران، ممتاز علماءکرام، اور انجمن تاجران کے سر کردہ رہنماﺅں سمیت دیگرنے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع منڈی بہاﺅالدین امن کا گہوارہ ہے۔ یہاں کے لوگ سابق روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر شہر کا امن برقرار رکھیں گے۔ سماج دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی اور ضلع کا امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دے جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے سی ای او میونسپل کمیٹیز کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے راستے میں صفائی ستھرائی ، سڑکوں کے پیچ ورک مکمل کیا جائے، جلوسوں کے راستوں میں کہیں پر بھی پتھر، اینٹوں ، ریت اور بجری نہ ہو اور ہر قسم کی رکاوٹوں کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے واپڈا افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے روٹس کے راستوں میں کہیں بھی بجلی کی لٹکی تاروں کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ہر صورت میں یقینی بنانے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے۔ڈی پی او محمد ناصر سیال نے کہا کہ جلوسوں میں پولیس سکیورٹی کی ذمہ داریاں پوری کرے گی اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔ ڈی پی او نے علماءکرام کو باور کروایا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر اتحاد بین المسلمین اورمذہبی ہم آہنگی کی اس وقت شدید ضرورت ہے کیونکہ ہمارے ملک و قوم کے اندرونی و بیرونی دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم اور سازشوں کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہے۔ جس کیلئے ہمیں مذہبی ہم آہنگی ، بھائی چارے ،اخوت اورامن کو فروغ دینا ہے تاکہ ہمارے ملک کے دشمن اپنے مقاصد میں ناکام رہیں۔ اجلاس میں اتحاد بین المسلمین اور علمائے کرام کی تجاویز بھی سنی گئیں ۔تجاویز سننے کے بعد ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ۔اس موقع پر علمائے کرام اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں امن کو فروغ دینے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی کوارڈینیشن کے ذریعے مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے اور گذشتہ برسوں کی طرح ہمارے رضاکار ضلعی انتظامیہ کے ساتھ شانہ بشانہ کام کریں گے اور جلوسوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر دعائے خیر بھی کرائی گئی.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں