24

نوجوانوں کو منشیات جیسی لعنت سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤ الدین مہتاب وسیم اظہر

منڈی بہاؤالدین ( مجزین حسین بلال) ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤ الدین مہتاب وسیم اظہر نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو منشیات جیسی لعنت سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔نوجوان ہمارے ملک کاقیمتی سرمایہ ہیں اور ملک کو منشیات فری بناکر نوجوانوں کو بے راہ روی سے بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمہ کیلئے ہر شخص کو انفرادی اور اجتماعی طور پر عملی اقدامات کرنا ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی سی آفس میں اینٹی نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ، ڈی ای سپورٹس وحید احمد گجر،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر سرفرازمحمود گوندل ،انسپکٹر غضنفر سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم اظہر نے انسداد منشیات کمیٹی کے ممبران اور اداروں کے مابین مربوط روابط کو مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر مفید عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ منشیات کے خاتمہ کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اس حوالے سے معاشرے بالخصوص تعلیمی اداروں میں آگاہی سیمینار کا انعقاد ناگزیر ہے کیونکہ منشیات کا سدباب کرکے ہی ہم ایک صحت مند معاشرے کو تشکیل دے سکتے ہیں۔ انہوں نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر کو ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں انجمن تاجران کے نمائندوں ،کالجز کے پرنسپلز کو بھی بلایا جائے تاکہ تعلیمی اداروں سمیت شہر بھر میں منشیات کے استعمال کو روکنے اوراس کی فروخت کو ختم کرنے کیلئے اقدامات اور سفارشات مرتکب کی جاسکیں۔مہتاب وسیم اظہر نے کہا کہ منشیات کے سدباب کیلئے عوام الناس میں آگاہی مہم بھی شروع کی جائے تاکہ عوام الناس کو منشیات کے استعمال کے مضراثرات اور نقصانات سے آگاہ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ اپنے بچوں کی خاص طور پر نگرانی کریں اور ان کی صحبت اور محافل کے بارے میں آگاہی رکھیں اور کسی بھی غیر اخلاقی اور بے راہ روی جیسی محافل اور صحبتوں سے ان کو بچائیں کیونکہ یہیں چیزیں ان کو منشیات اور جرائم کی طرف لے جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کا منشیات فری ہونا ہی ترقی کی جانب گامزن ہونا ہے کیونکہ منشیات کے استعمال سے پوراخاندان متاثر ہوتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں