42

*_وزیراعظم عمران خان امریکا سے وطن واپسی کیلئے روانہ_*

*_وزیراعظم عمران خان امریکا سے وطن واپسی کیلئے روانہ_*

*_نیویارک: وزیر اعظم عمران خان امریکا سے وطن واپسی کیلئے  روانہ ہوگئے۔_* 

*_گزشتہ روز وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے بعد سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے طیارے میں امریکا سے وطن واپس آرہے تھے کہ ان کے طیارے میں فنی خرابی پیش آگئی تھی جس کے باعث انہیں واپس نیویارک لینڈ کرنا پڑا تھا۔_*

*_ذرائع نے بتایا کہ ٹورنٹو کے قریب طیارے میں معمولی تکنیکی خرابی پیش آئی جس کے بعد کسی قسم کا رسک لیے بغیر طیارے کو دوبارہ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ کی جانب موڑ ا گیا۔_*

*_وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب، کشمیر میں مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا_*

*_وزیراعظم نے بقیہ دن نیویارک میں گزارا جس کے بعد اب وہ نجی پرواز کے ذریعے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ سے وطن واپس روانہ ہوئے، وہ نیویارک سے براستہ جدہ پاکستان پہنچیں گے۔_* 

*_اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کو نیویارک سے رخصت کیا، وزیراعظم سعودی عرب کے شہر جدہ میں 3 گھنٹے قیام کریں گے جس کے بعد وہ کل شام اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچیں گے۔_*

*_وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے باقی وزراء کو دوسری فلائٹ سے پاکستان جانے کی ہدایت کی ہے۔_*

*_تحریک انصاف کا وزیراعظم کا فقیدالمثال استقبال کا اعلان_*

*_دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے  وزیراعظم کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کرنے کا اعلان کیا ہے۔_* 

*_تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات احمد جواد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے تاریخی خطاب اور اقوام متحدہ کے کامیاب دورے کی تکمیل کے بعد اتوار کی شام اسلام آباد پہنچیں گے۔_*

*_اعلامیہ کے مطابق پارٹی کے تمام رہنماؤں اور کارکنوں کو ائیرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔_*

*_یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا اور مسلسل محاصرے اور ذرائع مواصلات کی بندش کے باعث کشمیر یوں کو درپیش مصائب و مشکلات کو بھر پور اور مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔_*

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں