40

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن محمد اکرم نے سعودی بحریہ کے افسران ، قونصل جنرلوں ، سفارت کاروں اور پاکستان کمیونٹی کے نمائندوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس عالمگیر کے کمانڈنگ آفیسر کیپٹن محمد اکرم نے سعودی بحریہ کے افسران ، قونصل جنرلوں ، سفارت کاروں اور پاکستان کمیونٹی کے نمائندوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر قائمقام قونصل جنرل آف پاکستان جناب شائق احمد بھٹو اور قونصل خانے کے افسران بھی موجود تھے۔ کمانڈر عبد الرحمن نے سعودی رائل فورسز کی نمائندگی کی۔عشائیہ کا انتظام جدہ انٹرنیشنل پورٹ پر موجود پاکستانی بحری جہاز پی این ایس عالمگیر کے ڈیک پر کیا گیا تھا۔ استقبالیہ کا آغاز سعودی عرب اور پاکستان کے قومی ترانے سے ہوا۔
کمانڈنگ آفیسر نے بحری جہاز میں موجود مہمانوں کا استقبال کیا۔ اپنے استقبالیہ خطاب میں انہوں نے بہترین مہمان نوازی پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے لئے ہر پاکستانی کے دل میں ایک خاص جگہ ہے۔
کیپٹن اکرم نے کہا کہ رائل نیوی اور پاکستان نیوی کے درمیان پیشہ ورانہ تعلقات بہت قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی بحریہ نے متعدد مشترکہ تربیت اور مشقیں کیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں سعودی عرب کا بہت اہم کردار اور مقام ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طویل مدتی اور باہمی مددگار تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تعلقات کی جڑیں لوگوں سے لوگوں کے تعلقات میں پنہاں ہیں۔
کیپٹن اکرم نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے۔ استحکام کو برقرار رکھنے اور دہشت گردی کو اپنی تمام شکلوں میں روکنے کے لئے بین الاقوامی عزم کا پابند ہے۔ پاک بحریہ بین الاقوامی اور علاقائی بحریہ کے تعاون سے ملٹی نیشنل آپریشنز میں حصہ لے رہی ہے جسے کولیشن میری ٹائم کمپین پلان اور کاؤنٹر پیریسی کے نام سے جانا جاتا ہے۔ پی این ایس عالمگیر کی موجودہ تعیناتی پاکستان کا اعادہ ہے کہ سمندری ماحول غیر قانونی مقاصد کے لئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
اس موقع پر قائم مقام قونصل جنرل شایق بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔ پاک سعودی دوطرفہ تعلقات دفاع ، تجارت ، سرمایہ کاری اور معیشت کے دیگر شعبوں سمیت تمام شعبوں میں بڑھ رہے ہیں۔
جہاز کا دورہ 23 ستمبر کو سعودی قومی دن کی تقریبات کی مناسبت سے ہوا۔ تمام شرکاء نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے عوام کو ان کے 89 ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔ بعدازاں سعودی قومی دن اور پاک سعودی بحریہ کے تعلقات منانے کیلئے کیک کاٹا گیا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں