66

نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے ، قونصل جنرل فیصل بٹ نوکری پر ذاتی کاروبار کو ترجیح دینے والے نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ پوری دنیا میں اپنا نام پیدا کرتے ہیں ، ”ٹرین دی یوتھ“ پروگرام میں خطاب

لاہور (عدنان علی سے ) قونصلیٹ آف لبرلینڈ پاکستان ، ایپکس گروپ آف کالجز اور ایس پی آر ایف کے زیر اہتمام ماڈل ٹاؤن لاہور میں دو روزہ ”ٹرین دی یوتھ“ کے عنوان سے پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ پروگرام میں مختلف کالجز کے طلبا و طالبات نے شرکت کی ۔ قونصل جنرل پاکستان فیصل بٹ نے طلباء طالبات سے خطاب کیا اور بہتر مستقبل کے حصول کے لیے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ اپنے خطاب میں فیصل بٹ کا کہنا تھا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد نوکری ڈھونڈنے کی بجائے اپنے ذاتی کاروبار کو ترجیح دینے والے نوجوان ذندگی میں کامیاب بھی ہوتے ہیں اور نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ دوسرے ممالک میں اپنا نام پیدا کرتے ہیں ۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ، تعلیمی میدان میں پاکستانی طلباء طالبات پوری دنیا میں اپنا لوہا منواتے ہیں ۔ نوجوانوں کو ٹیکنیکل ایجوکیشن کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے ۔ انکا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو بہتر مستقبل کے لیے اپنی سمت کا تعین خود کرنا ہوگا ۔ ترقی پذیر ممالک خاص طور پر پاکستان میں نوجوانوں میں عدم اعتماد بہت پایا جاتا ہے جسکی وجہ سے نوجوانوں کو اپنی سمت کا تعین کرنے میں مشکلات کا سامنا پڑتا ہے ۔ تعلیم حاصل کرتے وقت طلباء کے ذہن میں ایک ہی خیال ہوتا ہے کہ ڈگری مکمل کرنے کے بعد نوکری ملے گی یا نہیں ، ”نوکری ملے گی یا نہیں “ کے خیال سے آگے نکل کر کچھ کرنا ہوگا ، محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی خواہ وہ تعلیمی میدان میں ہو یا ہنر کے میدان میں ۔ پروگرام کے آخر میں انہوں نے طلباء طالبات میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں